بھٹکل 31/مئی (ایس اونیوز) بھٹکل کے معروف سماجی کارکن جناب نثار احمد رکن الدین عرف نثار ٹاپ کی آج اتوار کو بھٹکل تعلقہ سرکاری اسپتال میں تہنیت کی گئی اور بھٹکل میں کورونا وباء پر قابو پانے میں تعلقہ انتظامیہ کو بھرپور تعاون فراہم کرنے پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفسر سمیت تعلقہ اسپتال کے دیگر ڈاکٹروں نے ان کی خدمات کی بھرپور سراہنا کی۔ اس تعلق سے گفتگو کرتے ہوئے اسپتال کی انچارج آفسر ڈاکٹر سویتا کامتھ نے بتایا کہ بھٹکل میں کورونا کے مریضوں کی مکمل دیکھ ریکھ کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں ہرممکن تعاون فراہم کرنے میں نثار صاحب نے اسپتال میں جو رول ادا کیا ہے وہ قابل ستائش ہے۔ مزید کہا کہ وہ اول دن سے ہی اسپتال میں اپنا پورا وقت دے رہے ہیں جس سے اسپتال کے ڈاکٹروں اور اسٹاف کو بہت زیادہ آسانی میسر ہوئی ہے۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفسر ڈاکٹر اشوک کمار کو ریٹائرڈ ہونے پر وداع کیا گیا جبکہ نئے ہیلتھ آفسر ڈاکٹر شرد نائیک کو ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر (ڈی ایچ او) کی ذمہ داری تفویض کی گئی۔ کئی دیگر ذمہ داران نے اس موقع پر نئے آفسر کو مبارکباد پیش کیں اور ڈاکٹر اشوک کمار کو سبکدوش ہونے پر ان کی خدمات کی سراہتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔ ہیلتھ آفسر کی وداعی تقریب میں تنظیم میڈیکل کمیٹی کے کنوینر یونس رکن الدین بھی موجود تھے۔